قرآن مجید میں صفاومروہ کو " شعائراللہ" یعنی خداکی نشانیاں کہاگیاہے ۔(القرآن، سور ۃ البقرۃ2: 158)صفا ،بیت اللہ سے جانب جنوب ایک پہاڑی ہے کسی زمانہ میں بلندتھی لیکن اب زمین کے برابرہوگئی ہے۔ اس کے اوربیت اللہ کے درمیان ایک سڑک حائل ہے۔ بیت اللہ کے باب الصفا سے آمدورفت ہوتی ہے اور آج کل یہاں مکانات اوردکانیں ہیں۔ حج میں سعی اسی جگہ سے شروع اورمروہ پہاڑی پر ختم کی جاتی ہے۔ دونوں پہاڑیوں کے درمیان کوئی پانچ سو قدم کا فاصلہ ہے۔ حضرت ہاجرہ پانی کی تلاش میں اسی وادی میں دوڑی تھیں جن کی یادگار میں حاجی بھی تیز قدمی سے چلتے ہیں اور اس کا نام سعی ہے۔