encyclopedia

تعارف حضرت آدم علیه السلام

Published on: 18-May-2026

حضرت آدم Alaihis Salamاللہ تعالیٰ کے پہلے نبی ہیں، اور آپ کا لقب "صفیُّ اللہ" ہے۔ قرآنِ مجید کی متعدد سورتوں میں آپ کا ذکر آیا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم Alaihis Salamکی تخلیق کا ارادہ فرمایا تو حضرت عزرائیل Alaihis Salam کو حکم دیا کہ زمین کے مختلف حصوں سے ہر رنگ اور ہر نوع کی مٹی جمع کر کے لائی جائے۔ چنانچہ حکمِ خداوندی کے مطابق وہ مٹی جمع کرکے مکّہ اور طائف کے درمیانی مقام پر رکھی گئی۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اس مٹی پر بارانِ رحمت برسائی اور اپنی قدرتِ کاملہ سے اسی مٹی کے خمیر سے حضرت آدم Alaihis Salamکا قالب تیار فرمایا۔ یہ قالب تقریباً 40 برس تک بے جان پڑا رہا۔ 1 جب اللہ نے چاہا تو روحِ پاک کو حکم دیا گیا کہ وہ اس قالب میں داخل ہو جائے۔ چنانچہ جب روح حضرت آدم Alaihis Salamکے جسم میں داخل ہوئی تو آپ Alaihis Salam کو چھینک آئی، اور الہامِ الٰہی کے تحت آپ Alaihis Salam نے فرمایا: الحمد للہ۔ بعض روایات میں آتا ہے کہ فرشتوں نے آپ Alaihis Salam کو تحمید کی تلقین کی تھی۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے فرمایا: رحمك ربك يا آدم، یعنی اے آدم! تمہارا رب تم پر رحم فرمائے۔ یوں اللہ تعالیٰ کی رحمت کا پہلا جلوہ حضرت آدم Alaihis Salam پر نازل ہوا، اور پھر انہی کے طفیل یہ نعمت بنی آدم کو بھی نصیب ہوئی۔ 2

حضرت حوّا Alaihas Salam کی پیدائش اور نزول فی الدنیا

اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم Alaihis Salam کو پیدا فرما کر انہیں عزت و عظمت کے بلند مقام پر فائز فرمایا۔ ایک دن جب حضرت آدم Alaihis Salamپر نیند کا غلبہ ہوا تو اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرتِ کاملہ کا ایک اور مظہر ظاہر فرمایا اور حضرت آدم Alaihis Salamکے بائیں پہلو کی پسلی سے حضرت حوّاء Alaihas Salam کو پیدا فرمایا۔ جب حضرت آدم Alaihis Salam بیدار ہوئے تو آپ کی نگاہ ایک نورانی اور پاکیزہ ہستی پر پڑی جو آپ کے قریب بیٹھی تھی۔ جب آپ نے دریافت فرمایا تو حضرت حوّاء نے نہایت نرم اور لطیف لہجے میں کہا: اے آدم Alaihis Salam! میں آپ کے بدن کا حصہ ہوں، اللہ تعالیٰ نے مجھےآپ کی پسلی سے پیدا فرمایا ہے۔ 3 اپنے لیے ایک رفیق کو پا کر حضرت آدم Alaihis Salam بے حد مسرور ہوئے اور ان کے دل کو ایک خاص اطمینان و سکون نصیب ہوا۔

حضرت آدم Alaihis Salam اور حضرت حوّاء Alaihas Salam کو اللہ تعالیٰ نے جنّت میں سکونت عطا فرمائی تھی اور انہیں اجازت دی کہ وہاں کی ہر نعمت سے آزادانہ طور پر فائدہ اٹھائیں۔ البتہ ایک خاص درخت کے بارے میں واضح طور پر منع فرما دیا گیا کہ نہ اس کے قریب جانا ہے اور نہ اس کا پھل کھانا ہے۔ ساتھ ہی حضرت آدم Alaihis Salam کو یہ تنبیہ بھی کر دی گئی کہ ابلیس تمہارا کھلا دشمن ہے، اس لیے اس کے فریب سے ہوشیار رہنا، کہیں وہ تمہیں فتنے میں مبتلا نہ کر دے۔ چنانچہ ایک روز ابلیس حضرت آدم Alaihis Salam کے پاس آیا اور نہایت مکّارانہ انداز میں ان کے دل میں وسوسہ ڈالنے لگا۔ وہ بظاہر نرمی اور خیرخواہی کے لہجے میں سرگوشی کرتا اور کہتا: اے آدم Alaihis Salam! میں تم سے محبت کرتا ہوں، میں تمہارا سچا خیرخواہ ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے تم پر اس درخت کو اس لیے ممنوع قرار دیا ہے کہ کہیں تم اور حوّا فرشتے نہ بن جاؤ یا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے جنّت میں زندہ نہ رہو۔ اپنی مکاری کو چھپانے کے لیے اس نے جھوٹی قسمیں بھی کھائیں۔ ابتدا میں حضرت آدم Alaihis Salam اس کے فریب میں نہ آئے، مگر ابلیس موقع کی تلاش میں لگا رہا۔ بالآخر ایک دن جب حضرت آدم Alaihis Salam نیند سے بیدار ہوئے تو وہ دوبارہ حاضر ہوا اور نہایت چالاکی سے کہنے لگا: اس درخت کا پھل کھا لو، اس سے تمہاری یہ سستی اور غنودگی جاتی رہے گی۔ یوں مسلسل وسوسوں اور دھوکے کے اثر سے حضرت آدم Alaihis Salam کا ہاتھ اس درخت کی طرف بڑھ گیا اور انہوں نے اس کا ایک دانہ چکھ لیا۔ حضرت حوّا Alaihas Salam نے بھی ایسا ہی کیا۔ مگر جیسے ہی یہ ہوا، فوراً حضرت آدم Alaihis Salam کو حکمِ الٰہی کے خلاف ورزی کا احساس ہو گیا۔ جو پھل ان کے ہاتھ میں تھا اسے فوراً پھینک دیا اور جو منہ میں تھا اسے تھوک دیا۔ حضرت حوّا نے بھی یہی کیا۔ اس لغزش کا احساس ہوتے ہی حضرت آدم Alaihis Salam سخت نادم ہوئے اور گریہ و زاری کرنے لگے۔ لیکن حکمِ خداوندی صادر ہو چکا تھا کہ اب تم اور تمہاری نسل زمین پر قیام کرو گے اور وہیں تمہاری آزمائش اور زندگی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 4 چنانچہ حضرت آدم وحوا Alaihmas Salam جنّت سے اتر کر زمین پر بسنےلگے۔ قرآن کریم میں حضرت آدم Alaihis Salam کے یہ واقعات مختلف انداز میں مختلف مواقع پر ذکر ہیں۔ سورہ اعراف میں قرآن کریم نےاس پورے واقعے کی منظر کشی کچھ اس طرح کی ہے:

وَيَاآدَمُ اسْكُنْ أَنْتَ وَزَوْجُكَ الْجَنَّةَ فَكُلَا مِنْ حَيْثُ شِئْتُمَا وَلَا تَقْرَبَا هَذِهِ الشَّجَرَةَ فَتَكُونَا مِنَ الظَّالِمِينَ 19 فَوَسْوَسَ لَهُمَا الشَّيْطَانُ لِيُبْدِيَ لَهُمَا مَا وُورِيَ عَنْهُمَا مِنْ سَوْآتِهِمَا وَقَالَ مَا نَهَاكُمَا رَبُّكُمَا عَنْ هَذِهِ الشَّجَرَةِ إِلَّا أَنْ تَكُونَا مَلَكَيْنِ أَوْ تَكُونَا مِنَ الْخَالِدِينَ 20 وَقَاسَمَهُمَا إِنِّي لَكُمَا لَمِنَ النَّاصِحِينَ 21 فَدَلَّاهُمَا بِغُرُورٍ فَلَمَّا ذَاقَا الشَّجَرَةَ بَدَتْ لَهُمَا سَوْآتُهُمَا وَطَفِقَا يَخْصِفَانِ عَلَيْهِمَا مِنْ وَرَقِ الْجَنَّةِ وَنَادَاهُمَا رَبُّهُمَا أَلَمْ أَنْهَكُمَا عَنْ تِلْكُمَا الشَّجَرَةِ وَأَقُلْ لَكُمَا إِنَّ الشَّيْطَانَ لَكُمَا عَدُوٌّ مُبِينٌ 22 قَالَا رَبَّنَا ظَلَمْنَا أَنْفُسَنَا وَإِنْ لَمْ تَغْفِرْ لَنَا وَتَرْحَمْنَا لَنَكُونَنَّ مِنَ الْخَاسِرِينَ 23 قَالَ اهْبِطُوا بَعْضُكُمْ لِبَعْضٍ عَدُوٌّ وَلَكُمْ فِي الْأَرْضِ مُسْتَقَرٌّ وَمَتَاعٌ إِلَى حِينٍ 24قَالَ فِيهَا تَحْيَوْنَ وَفِيهَا تَمُوتُونَ وَمِنْهَا تُخْرَجُونَ 255
اور اے آدم (Alaihis Salam)! تم اور تمہاری زوجہ (دونوں) جنّت میں سکونت اختیار کرو سو جہاں سے تم دونوں چاہو کھایا کرو اور (بس) اس درخت کے قریب مت جانا ورنہ تم دونوں حد سے تجاوز کرنے والوں میں سے ہو جاؤ گے۔پھر شیطان نے دونوں کے دل میں وسوسہ ڈالا تاکہ ان کی شرم گاہیں جو ان (کی نظروں) سے پوشیدہ تھیں ان پر ظاہر کر دے اور کہنے لگا: (اے آدم و حوا!) تمہارے رب نے تمہیں اس درخت (کا پھل کھانے) سے نہیں روکا مگر (صرف اِس لیے کہ اسے کھانے سے) تم دونوں فرشتے بن جاؤ گے (یعنی علائقِ بشری سے پاک ہو جاؤ گے) یا تم دونوں (اس میں) ہمیشہ رہنے والے بن جاؤ گے (یعنی اس مقامِ قرب سے کبھی محروم نہیں کیے جاؤ گے)، اور ان دونوں سے قَسم کھا کر کہا کہ بیشک میں تمہارے خیرخواہوں میں سے ہوں۔ پس وہ فریب کے ذریعے دونوں کو (درخت کا پھل کھانے تک) اتار لایا، سو جب دونوں نے درخت (کے پھل) کو چکھ لیا تو دونوں کی شرم گاہیں ان کے لیے ظاہر ہوگئیں اور دونوں اپنے (بدن کے) اوپر جنّت کے پتے چپکانے لگے، تو ان کے رب نے انہیں ندا فرمائی کہ کیا میں نے تم دونوں کو اس درخت (کے قریب جانے) سے روکا نہ تھا اور تم سے یہ (نہ) فرمایا تھا کہ بیشک شیطان تم دونوں کا کھلا دشمن ہے۔ دونوں نے عرض کیا: اے ہمارے رب! ہم نے اپنی جانوں پر زیادتی کی؛ اور اگر تو نے ہم کو نہ بخشا اور ہم پر رحم (نہ) فرمایا تو ہم یقیناً نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔ارشادِ باری ہوا: تم (سب) نیچے اتر جاؤ تم میں سے بعض بعض کے دشمن ہیں، اور تمہارے لیے زمین میں معیّن مدت تک جائے سکونت اور متاعِ حیات (مقرر کر دیے گئے ہیں گویا تمہیں زمین میں قیام و معاش کے دو بنیادی حق دے کر اتارا جا رہا ہے، اس پر اپنا نظامِ زندگی استوار کرنا)، ارشاد فرمایا: تم اسی (زمین) میں زندگی گزارو گے اور اسی میں مَرو گے اور (قیامت کے روز) اسی میں سے نکالے جاؤ گے۔

تورات میں آدم Alaihis Salam کا ذکر

تورات نے بھی حضرت آدم Alaihis Salam کا تعارف تقریباً اسی انداز میں پیش کیا ہے جیسے قرآنِ مجید نے بیان فرمایا ہے۔ تاہم چونکہ تورات میں یہودیوں نے تحریف و تبدّل کا کوئی پہلو نہیں چھوڑا، اِس لیے اس میں ایسے بیانات بھی شامل ہو گئے ہیں جنہیں ابو البشر حضرت آدم Alaihis Salam جیسے جلیل القدر نبی کی طرف منسوب کرنا نہ صرف نامناسب بلکہ خلافِ شرع اور گناہِ کبیرہ کے زمرے میں داخل ہیں۔ لہٰذا تورات کے وہ مقامات جو عصمتِ انبیاء کو مجروح کرتے ہیں یا وہ عبارتیں جو صریح نصوصِ قرآن کے خلاف ہیں، کسی طور بھی قابلِ اعتبار نہیں۔ اس باب میں جو کچھ قرآنِ کریم میں بیان ہوا ہے، وہی بلا شک و شبہ حق، صحیح اور معتبر ہے۔ تاہم یہودیوں کی جعل سازیوں اور من گھڑت روایات کے باوجود حضرت آدم Alaihis Salam سے متعلق تاریخ کا ایک حد تک درست پہلو جو تحریف شدہ تورات کے اندر موجود ہے وہ درجِ ذیل ہے:

خداوند خدا نے زمین کی مٹی سے انسان کو بنایا، اور اُس کے نتھنوں میں زندگی کا دم پھونکا، اور آدم ذی روح ہوگیا۔ اور خداوند خدا نے مشرق کی جانب عدن میں ایک باغ لگایا، اور آدم کو جسے اُس نے بنایا تھا، وہاں رکھا۔ اور خداوند خدا نے زمین سے ہر قسم کا درخت اگایا جو دیکھنے میں خوشنما اور کھانے میں لذیذ تھا۔ اس باغ کے بیچ میں زندگی کا درخت اور نیک وبد کی پہچان کا درخت بھی تھا ۔ 6 اور خداوند خدا نے آدم کو باغ عدن میں رکھا، تاکہ اس کی باغبانی اور نگرانی کرے۔ اور خداوند خدا نے آدم کو حکم دیاکہ تو اس باغ کے کسی بھی درخت کا پھل بے روک ٹوک کھا سکتا ہے۔لیکن نیک وبد کی پہچان کے درخت کا پھل ہرگز نہ کھاناکیونکہ جب تو اسے کھائے گا تو یقیناً مرجائے گا۔ خداوند خدا نے کہا: آدم کا اکیلا رہنا اچھا نہیں، میں ایک مددگار بناؤں گا جو اس کی مانند ہو ۔ 7 تب خداوند خدا نے آدم پر گہری نیند بھیجی، اور جب وہ سورہا تھا تو اس نے اس کی پسلیوں میں سے ایک پسلی نکالی اور اس کی جگہ گوشت بھر دیا۔ تب خدا وند خدا نے اس پسلی سے جسے اس نے آدم میں سے نکالا تھا ، ایک عورت بنائی اور وہ اسے آدم کے پاس لے آیا۔ 8 خداوند خدا نے جتنے دشتی جانور بنائے تھے ، سانپ ان سب سے چالاک تھا۔ اس نے عورت سے کہا: کیا واقعی خدا نے کہا ہے کہ تم باغ کے کسی درخت کا پھل نہ کھانا؟ عورت نے سانپ سے کہا :ہم باغ کے درخت کا پھل کھا سکتے ہیں لیکن خدا نے یہ ضرور کہا ہے کہ جو درخت باغ کے بیچ میں ہے اس کا پھل مت کھانابلکہ اسے چھونا تک نہیں ورنہ مرجاؤگے۔تب سانپ نے عورت سے کہا: تم ہرگز نہیں مروگےبلکہ خدا جانتا ہے کہ جس دن تم اسے کھاؤگے، تمہاری آنکھیں کھل جائیں گی اور تم خد ا کی مانند نیکی اور بدی کے جاننے والے بن جاؤگے۔جب عورت نے دیکھا کہ اس درخت کا پھل کھانےکے لئے اچھا اور دیکھنے میں خوشنمااورحکمت پانے کے لیے خوب معلوم ہوتا ہے تو اس نے اس میں سے لے کر کھایا اور اپنے خاوند کو بھی دیاجوا س کے ساتھ تھا اور اس نے بھی کھایا۔ تب ان دونوں کی آنکھیں کھل گئیں اور انہیں معلوم ہوا کہ وہ ننگے ہیں۔ اورانہوں نے انجیر کے پتوں کو سی کر اپنے لیے پیش بند بنالیے۔ 9 اور (خدا نے) آدم سے کہا: چونکہ تو نے اپنی بیوی کی بات مانی اور اس درخت کا پھل کھایا جسے کھانے سے میں نے تجھے منع کیا تھا۔ اِس لیے زمین تیرے سبب سے ملعون ٹھہری، تو محنت ومشقت کر کے عمر بھر اس کی پیداوار کھاتا رہے گا۔ وہ تیرے لیے کانٹے اور اونٹ کٹارے اگائے گی،اور تو کھیت کی سبزیاں کھائے گا۔ تو اپنے ماتھے کے پسینے کی روٹی کھائے گاجب تک کہ تو زمین میں پھر لوٹ نہ جائے، اِس لیے کہ تو اسی میں سے نکالا گیا ہے؛ کیونکہ تو خاک ہے اور خاک ہی میں پھر لوٹ جائے گا۔ 10

حضرت ابو موسیٰ اشعری روایت کرتے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم Alaihis Salam کو جنّت سے زمین پر اتارا تو انہیں ہر چیز بنانے کا طریقہ سکھایا، اور جنّت کے چند پھل بطور عطیہ مرحمت فرمائے۔ یہ زمینی پھل دراصل جنّت کے پھلوں میں سے ہیں لیکن ان میں فرق یہ ہے کہ زمین کے پھل خرابی و فنا سے دوچار ہو جاتے ہیں، جبکہ جنّت کے پھل کبھی خراب نہیں ہوتے۔ 11 من جملہ اللہ ربّ العزّت نے حضرت آدم Alaihis Salam کو بے شمار عظمتوں اور خصوصیات سے نوازا۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کواپنے دستِ قدرت سے تخلیق فرمایا۔ فرشتوں کو حکم دیا کہ آدم Alaihis Salam کو سجدۂ تعظیمی کریں۔ آپ کو جنّت میں سکونت عطا فرمائی۔ زمین پر نبوت کے منصب کے لیے انہیں منتخب فرمایا۔ بنی آدم کی حیثیت سے ان کی اولاد کی تکریم کی۔ آپ کو تمام اسماء کی تعلیم دی، جو ملائکہ بھی نہیں جانتے تھے۔ انہیں پہلا نبی بنایا۔ ان کی نسل سے انبیاء و مرسلین، صدیقین، شہداء اور اولیاء کو پیدا فرمایا۔ تاریخی روایات کے مطابق حضرت آدم Alaihis Salamنے ایک ہزار برس کی عمر پائی۔ 12

غرض حضرت آدم Alaihis Salam جہاں تمام انسانیت کے جدِّ امجد ہیں، وہیں خالقِ کائنات نے آپ کو بے شمار پہلوؤں سے نوعِ انسانی پر فضیلت بھی عطا فرمائی۔ تمام انبیائے کرام اور رسلِ عظام Alaihmus Salam جو ہدایت و رشد کے چراغ لے کر دنیا میں مبعوث ہوئے، ان کی جسمانی نسبت بھی اسی برگزیدہ انسان سے ملتی ہے۔قرآنِ کریم اور دیگر آسمانی صحائف میں حضرت آدم Alaihis Salam اور ان کی نبوت کا ذکر تو موجود ہے، لیکن ان پر نازل ہونے والے صحیفوں کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔ بعض احادیثِ نبویہ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam اور تاریخی کتب میں ان صحیفوں کا اجمالی تذکرہ ملتا ہے؛ چنانچہ امام طبری کے مطابق حضرت آدم Alaihis Salam پر دس صحیفے نازل کیے گئے۔ تاہم ان صحیفوں کا اصل متن، ان کے مضامین اور ان میں موجود تفصیلات ہمارے پاس محفوظ نہیں ہیں۔ اسی بنا پر حضرت آدم Alaihis Salam کی جانب منسوب وہ بشارات جو نبی اکرم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam کے بارے میں بیان کی جاتی ہیں، براہِ راست آپ پر نازل ہونے والے صحائف سے نہیں بلکہ دیگر بائبلی اور تاریخی مآخذ کی روشنی میں نقل کی جائیں گی۔


  • 1  أبو جعفر محمد بن جریر الطبری، تاریخ الرسل والملوک، ج-1، مطبوعۃ: دار المعارف، القاهرة، مصر، 1967م، ص: 90- 92
  • 2  أبو الحسن علی بن محمد عز الدين ابن الأثير الجزري، الکامل فی التاریخ، ج-1، مطبوعۃ: دارالکتاب العربی، بیروت، لبنان، 1997م، ص: 28
  • 3  أبو جعفر محمد بن جریر الطبری، تاریخ الرسل والملوک، ج-1، مطبوعۃ: دار المعارف، القاهرة، مصر، 1967م، ص: 104
  • 4  أبو محمد عبد الملک بن ھشام المعافري، التيجان في ملوك حمير، مطبوعۃ: مركز الدراسات والأبحاث اليمنية، صنعاء، اليمن، 1347ھ، ص: 15- 16
  • 5  القرآن، سورۃ الأعراف 7: 19-25
  • 6  کتابِ مُقدس، سفر پیدائش 2: 7-9 (مطبوعہ: بائبل انٹر نیشنل سوسائٹی، دہلی، انڈیا، 2005ء، ص: 2-3)
  • 7  کتابِ مُقدس، سفر پیدائش 2: 15-18 (مطبوعہ: بائبل انٹر نیشنل سوسائٹی، دہلی، انڈیا، 2005ء، ص: 3)
  • 8  کتابِ مُقدس، سفر پیدائش 2: 21-22 (مطبوعہ: بائبل انٹر نیشنل سوسائٹی، دہلی، انڈیا، 2005ء، ص: 3)
  • 9  کتابِ مُقدس، سفر پیدائش 3: 1-7 (مطبوعہ: بائبل انٹر نیشنل سوسائٹی، دہلی، انڈیا، 2005ء، ص: 3)
  • 10  کتابِ مُقدس، سفر پیدائش 3: 17-19 (مطبوعہ: بائبل انٹر نیشنل سوسائٹی، دہلی، انڈیا، 2005ء، ص: 4)
  • 11  أبو عبد الله محمد بن عبد الله الحاكم النيسابوري، المستدرك على الصحيحين، حديث: 3996، ج-2، مطبوعة: دار الكتب العلمية، بيروت، لبنان، 1990م، ص: 592
  • 12  الشيخ محمد بن یو سف الصالحي الشامی، سبل الھدی والرشاد فی سیرۃ خیر العباد ﷺ، ج-1، مطبوعة: دارالکتب العلمیة، بیروت، لبنان، 1993م، ص: 322

Powered by Netsol Online